چیمپیئنز ٹرافی 2025: لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز میچز کی شاندار میزبانی کے لیے تقریباً تیار
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا عمل تیزی سے جاری ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تقریباً مکمل کرلیا ہے۔بدھ کو اپنے بیان میں پی سی بی نے مداحوں، شائقین اور میڈیا کو یقین دلایا کہ تمام اپ گریڈیشن کے کام شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور مقررہ وقت سے پہلے یا وقت پر مکمل کر لیے جائیں گے۔
سہ فریقی ون ڈے سیریز
پی سی بی نے سہ فریقی ون ڈے سیریز قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیریز میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سیریز کا انعقاد پہلے ملتان میں ہونا تھا لیکن اب چوں کہ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز تیار ہوچکے ہیں اس لیے سہ فریقی سیریز کے میچز اب وہاں منعقد ہوں گے۔
قذافی اسٹیڈیم
قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش 35000 تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ براڈ کاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو شائقین کے لیے شاندار ویوئنگ کوالٹی فراہم کریں گی۔ مزید برآں 2 بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز (80 فٹ x 30 فٹ اور 22 فٹ x 35 فٹ) آئندہ ہفتے نصب کر دی جائیں گی۔کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے جو 25 جنوری تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر بہتری کی گئی ہے جن میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نیا مہمان نوازی انکلوژر شامل ہے۔براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو عالمی ناظرین کے لیے بہترین وزیبلیٹی کو یقینی بناتی ہیں، 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز پہلے ہی نصب کی جا چکی ہیں اور تماشائیوں کی سہولت کے لیے 5 ہزار نئی کرسیاں بھی نصب کردی گئی ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی بہتری کے چھوٹے موٹے کام جاری ہیں۔ ان میں 10 ہزار نئی کرسیاں نصب کرنا، مہمان نوازی بکس کی اپ گریڈیشن اور 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز کی تنصیب شامل ہیں۔ یہ بہتریاں اسٹیڈیم کو آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
گراؤنڈز کی دیکھ بھال
پی سی بی کے کیوریٹرز ٹونی ہیمنگ کی نگرانی میں میدان کی آؤٹ فیلڈ اور دیگر سطحوں کو ہموار و محفوظ اور بہترین حالت میں رکھنے کے لیے محنت سے کام کر رہے ہیں۔لاہور اور کراچی میں اپ گریڈیشن کے آغاز کے بعد سے وہاں کوئی میچز نہیں کھیلے گئے تاکہ کام اپنی مناسب رفتار سے جاری ہے۔
وینیوز کا معیار
پی سی بی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام مقامات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور دیگر بین الاقوامی میچز کی میزبانی کے لیے تیار رہیں۔اس حوالے سے 250 سے زیادہ مزدور دن رات 25 جنوری کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پی سی بی کو یقین ہے کہ یہ اپ گریڈیشن پاکستان کی ایک بہترین کرکٹ میزبان کے طور پر ساکھ کو برقرار رکھنے کے ساتھ شائقین کے لیے بھی انتہائی خوشگور ثابت ہوں گی۔