لکی مروت اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملے

0709041899f5b13.jpg

خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے، جب کہ ایک دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا۔رپورٹ کے مطابق مقامی عہدیدار نے بتایا کہ لکی مروت کے علاقے جبوخیل میں گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔پولیس اہلکاروں پر حملے کی خبر سن کر اسلحے سے لیس شہری بھی حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، اس کارروائی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیہاتیوں نے ایک عسکریت پسند کمانڈر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

کیش وین پر حملے میں ڈرائیور جاں بحق

لکی مروت میں ہی ایک اور حملے میں مصروف منجی والا روڈ پر نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین پر حملہ کیا گیا، پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے وین کو دستی بموں اور راکٹوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ ڈرائیور کی شناخت کرک کے رہائشی محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ زخمیوں میں بنوں کے نعیم خان اور کرک کے سعید الرحمٰن شامل ہیں۔ ایک ریسکیو افسر نے بتایا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث بنوں ریفر کر دیا گیا۔حملوں کے بعد لکی مروت اور بنوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور پولیس نے علاقے میں شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے مشتبہ ٹھکانوں کی تلاشی اور گشت بڑھا دیا ہے۔

بنوں میں 2 ایف سی اہلکار زخمی

بنوں میں بکاخیل میں ہوائی اڈے کے قریب واقع فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کیمپ اور وزیر سب ڈویژن کے علاقے بارگنٹو میں ایک پولیس چوکی پر اتوار کی رات حملہ کیا گیا، پولیس کے عہدیدار نے بتایا کہ حملے میں ایف سی کے 2 جوان زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کہا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کی اور حملہ آوروں کو فرار ہونے پر مجبور کیا۔دوسری جانب پولیس نے وزیر سب ڈویژن میں بارگنٹو میں ایک چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو بھی ناکام بنا دیا۔پولیس کے مطابق ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے چوکی کو توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر حملہ کیا، لیکن وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور اسی انداز میں جواب دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے