2024، یورپ پہنچنے کا خواب کتنی ہزار زندگیاں نگل گیا؟

Boat-Sank.jpg

غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں گزشتہ سال 2 ہزار سے زائد افراد نے اپنی جان گنوائی یا وہ لاپتا ہوگئے، جن میں سینکڑوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے ادراے یونیسیف کی یورپ میں خصوصی رابطہ کار ریجینا ڈی ڈومینیچی کے مطابق گزشتہ سال کم از کم 2 ہزار 200 تارکین وطن یورپ پہنچنے کی کوشش میں بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے ہلاک و لاپتا ہوئے جن میں سیکڑوں بچے بھی شامل ہیں، ان میں ایک ہزار 700 ہلاکتیں وسطی بحیرہ روم میں ہوئیں۔

ریجینا ڈی ڈومینیچی نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے سال کی آمد پر اٹلی کے جنوبی جزیرے لمپیڈوسا کے قریب تارکین وطن کی کشتتی الٹنے سے 20 افراد لاپتا ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ حادثے کے شکار 7 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جن میں ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے جس کی ماں حادثے میں ہلاک ہوگئی ہے۔ریجینا ڈی ڈومینیچی دنیا کے تمام ممالک کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر مہاجرت کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور تمام حکومتیں مہاجرت اور پناہ کے معاہدے کے ذریعے بچوں کو تحفظ دینے اور انہیں اپنے خاندانوں سے یکجا کرنے کے لیے محفوظ اور قانونی طریقوں سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایسے حادثات کی صورت میں لوگوں کی تلاش اور انہیں بچانے کی مربوط کارروائیوں، انہیں محفوظ طریقے سے ساحل پر پہنچانے، مقامی سطح پر لوگوں کے اشتراک سے انہیں تحفظ دینے اور پناہ سے متعلق خدمات تک رسائی مہیا کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ریجینا ڈی ڈومینیچی نے کہا ہے کہ تارکین وطن جنگوں اور غربت سے تنگ آ کر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور مہاجرت اختیار کرنے والوں میں 20 فیصد تعداد بچوں کی ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خطرناک راستوں سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے بچوں اور خاندانوں کو ضروری خدمات کی فراہمی پر سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے، ان لوگوں کو نفسیاتی و قانونی مدد، طبی نگہداشت اور تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے اور حکومتیں ترک وطن کرنے والے ان بچوں کے حقوق کو سفر کے ہر مرحلے پر تحفظ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے