کرم مسئلے پر علی امین نے ہمیں مشکل جگہ لاکھڑا کیا،علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام آباد: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم کے مسئلے پر علی امین گنڈاپور نے ہمیں مشکل جگہ لاکھڑا کیا، انہیں صرف اقتدار چاہیے۔محمود خان اچکزئی کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کرم کا مسئلہ ایک ہفتے میں حل ہونے والا مسئلہ تھا ،اگر ایک اچھا ڈی پی او یا افسر ہوتا تو اتنی جانیں نہ ضائع ہوتیں۔
انھوں نے کہا کہ اقتدار میں رہنے کی سب کو ہوس ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اقدام سے مایوسی ہوئی، انھیں احساس نہیں کہ ان کے اقدامات سے آزادی اور عدل کی جدوجہد کو کتنا نقصان پہنچ رہا ہے۔علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان آئین پر نہ چلنے کی وجہ سے بحران کا شکار ہو چکا ہے، پاکستانی آئین کے حساب سے عدلیہ کی قوت ختم کردی گئی ہے، ہمارے اسلاف کے بنائے آئین کو تباہ کر دیا گیا ہے، ایڈ ہاک بنیادوں پر پاکستان کو چلایا جا رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کو انتظامیہ کے زیر اثر کردیا گیا ہے، ان حکمرانوں کا ہر گزرتا دن بحرانوں کا سبب بن رہا ہے اور نالائقوں کو مسلط کر کے پاکستان کو تباہ کردیا گیا ہے۔