امريکا کی تائيوان کے ليے کئی ملين ڈالر کی دفاعی امداد
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائيڈن نے تائيوان کے ليے دفاعی اخراجات کی مد ميں 571.3 ملين ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسی دوران محکمہ خارجہ نے بھی تائيوان کو 265 ملين ماليت کے فوجی ساز و سامان کی فروخت کی منظوری دی۔ يہ پيش رفت جمعہ بيس دسمبر کو رات گئے سامنے آئی۔ وائٹ ہاؤس نے بائيڈن کے فيصلے کی تفصيلات بتائے بغير يہ کہا کہ صدر نے وزير خارجہ کو يہ ذمہ داری سونپی تھی کہ محکمہ دفاع کی سروسز بشمول تربيت تائيوان کو فراہم کی جائيں۔تائیوان کی وزارت دفاع نے اس مدد کو ‘مضبوط سکیورٹی گارنٹی‘ قرار ديتے ہوئے اس کی فراہمی پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور يہ بھی کہا کہ دونوں فریق اس بات کو یقینی بنانے کے لیے قریبی کام جاری رکھیں گے کہ آبنائے تائیوان میں امن و امان قائم رہے۔
دريں اثناء امريکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بھی بتايا کہ محکمہ خارجہ نے تائیوان کو تقریباً 265 ملین ڈالر مالیت کے فوجی ساز و سامان بشمول مواصلات اور کمپیوٹر کی جدید کاری کے سامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا کہ ان فوجی آلات سے اسے اپنے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپ گریڈ کرنے ميں مدد ملے گی۔گو کہ واشنگٹن اور تائی پے کے مابين باقاعدہ سفارتی تعلقات نہيں، واشنگٹن تائیوان کو اس کے دفاع کے لیے وسائل فراہم کرتا ہے۔ چين تائيوان کو اپنا حصہ قرار ديتا ہے اور اسی ليے امريکی اقدامات کو ‘مداخلت ‘کے طور پر ديکھتا ہے۔