یونان کشتی حادثہ: مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب کشتی کے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِنسانی اسمگلنگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔صدر مملکت نے کشتی حادثے میں پاکستانی تارکین وطن کے اِنتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانبحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ ایک قبیح عمل، لوگ اپنے پیاروں کو کھو دیتے ہیں۔ صدر مملکت نے اِنسانی اسمگلنگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم کی وزیر داخلہ کو انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں پاکستانیوں کے جانبحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔ انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں۔ ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔