جی ایچ کیو حملہ: عمران خان، دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد: پی ٹی آئی
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جمرات کو اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت متعدد رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔پاکستان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کے علاوہ عمر ایوب اور راجہ بشارت سمیت متعدد رہنماؤں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جس کے بعد قائد حزب اختلاف عمر ایوب سمیت دیگر رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اب جب کہ فرد جرم عائد کر دی گئی ہے تو لیگل ٹیم اسے متعلقہ عدالتوں میں چیلنج کرے گی اور امید ہے کہ انصاف ملے گا۔
نو مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور پاکستانی فوج نے اپنا موقف واضح کر رکھا ہے کہ ذمہ داران کو آئین کے مطابق سزا دینا پڑے گی۔اسی حوالے سے رواں سال 18 نومبر کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملہ کیس میں نامزد ملزمان عمران خان، عمر ایوب، شبلی فراز، شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر، زلفی بخاری اور صداقت عباسی کے ملک سے باہر سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔
دوسری جانب جمعرات پانچ دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی پر ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار وکلا شاہینہ شہاب اور مرزا عاصم بیگ عدالت پیش ہوئے۔سماعت کے دوران وفاقی محتسب ادارے (نیب)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور سیکرٹری داخلہ کی جانب سے عدالت میں رپورٹس جمع کروائی گئیں، جن میں ملک بھر میں عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔