انڈر ورلڈ ڈان "لارنس بشنوئی” کا بھائی انمول بشنوئی امریکہ میں گرفتار
ممبئی: امریکہ کی پولیس نے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسے پیر کو کیلیفورنیا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انمول بشنوئی کئی ہائی پروفائل کیسوں میں مطلوب ہیں۔ ان میں 2022 میں پنجاب کے مشہور گلوکار سدھو موسی والا کا قتل اور گزشتہ ماہ مہاراشٹر حکومت کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل جیسے بڑے کیس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انمول بشنوئی کا نام اس سال جون میں ممبئی میں فلم اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ میں بھی آیا تھا۔کچھ دن پہلے این آئی اے نے انمول بشنوئی کا نام انتہائی مطلوب فہرست میں شامل کیا تھا اور اس پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
انمول بشنوئی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ بار بار اپنی جگہیں بدلتے رہتے ہیں۔ پچھلے سال وہ کینیا میں اور اس سال کینیڈا میں دیکھے گئے تھے۔ اس کے خلاف مجموعی طور پر 18 مقدمات درج ہیں۔ وہ جودھ پور جیل میں اپنی سزا کاٹ چکے ہیں۔ممبئی کرائم برانچ کے ذرائع کے مطابق امریکی پولیس کی جانب سے انمول بشنوئی سے پوچھ گچھ کے بعد اسے کینیڈین پولیس کے حوالے کیا جا سکتا ہے کیونکہ انمول سے ہردیپ سنگھ ننجر کے قتل کیس میں پوچھ گچھ ہونی ہے اور اس کے بعد بھارت اس کی تحویل حاصل کر سکتا ہے۔
انمول بشنوئی گزشتہ سال بھارت سے فرار ہو گئے تھے۔ لارنس بشنوئی کی گرفتاری کے بعد وہ بھی اپنے گینگ کو چلانے والوں میں شامل ہے۔ انمول بشنوئی 2023 میں جعلی پاسپورٹ کا استعمال کرکے کینیڈا فرار ہوگئے تھے۔ اس سال جولائی میں ممبئی کی ایک عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔
بابا صدیقی کے قتل کے معاملے میں ممبئی پولیس نے تصدیق کی تھی کہ انمول نے بابا صدیقی کے شوٹروں سے بات کی تھی۔ واضح رہے کہ لارنس بشنوئی ایک بدنام زمانہ گینگسٹر ہے اور اس وقت گجرات کی ایک جیل میں بند ہے۔ بشنوئی گینگ کے کئی ریاستوں میں شوٹر ہیں۔