آئیڈیاز 2024 دفاعی نمائش "ایران” کی پہلی بار شرکت
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز 19 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، جس کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس 12ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار میں پاکستان اور دوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی جائے گی۔ دنیا کے 55 ممالک سے 550 سے زائد نمائش کنندگان اپنے اسٹالز لگائیں گے۔ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے زیر انتظام یہ دفاعی نمائش 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
اسی حوالے سے 16 نومبر کو ایک میڈیا بریفنگ منعقد کی گئی، جس میں ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا کموڈور اعتزاز خالد نے بتایا کہ نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد اہم سیمینارز اور میٹنگز ہوں گی۔نمائش میں ترکی اور چین بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی مرتبہ شریک ہو رہے ہیں۔ رواں ایڈیشن میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ مندوبین اور مبصرین شریک ہوں گے، اور مقامی کمپنیاں بھی نئی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔گیا ہے۔ نمائش میں جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار رکھے جائیں گے، اور عالمی دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی ایک ہی چھت تلے دیکھنے کو ملے گی۔نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود میں وزرائے دفاع، وزراء اور آرمی چیفس بھی شامل ہوں گے۔
سکیورٹی اقدامات
2024 میں بھی دفاعی نمائش کے لیے کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے، جس کی مناسبت سے ایکسپو سینٹر اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے نمائندہ بصیر میڈیا سے گفتگو میں بتایا: ’12 گھنٹوں کے لیے سڑک بند رہے گی، جبکہ باقی 12 گھنٹے راستے کھلے رہیں گے۔ آدھا کلومیٹر کی سڑک کو بند کیا جائے گا۔ صبح سات سے شام سات بجے تک ایکسپو سینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی۔ چونکہ رواں سال میں کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز پر بھی حملے دیکھنے میں آئے ہیں، اس لیے نمائش میں مہنگے ترین سامان کی موجودگی اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت کے پیش نظر یہ اقدامات ضروری ہیں۔‘احمد نواز چیمہ کے مطابق ’ایکسپو سینٹر چونکہ شہر کے وسط میں واقع ہے اور اطراف میں ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے، لہٰذا ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ ریاستی سطح کے مندوبین کے آنے جانے میں آسانی ہو۔ شہریوں کو متبادل راستوں سے متعلق پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
ٹریفک پلان
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ پلان کے مطابق
حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل سٹیڈیم کی سڑک بند ہوگی۔
سٹیڈیم فلائی اوور سے دونوں فلائی اوورز ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
شارع فیصل سے بھاری اور کمرشل گاڑیوں کا کارساز روڈ پر داخلہ بند ہوگا۔ تمام بھاری اور کمرشل گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر بھاری اور کمرشل ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
نیپا، گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ یا ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل گاڑیاں نہیں جا سکیں گی۔ کمرشل گاڑیاں شہید ملت روڈ یا تین ہٹی روڈ کا استعمال کریں۔
نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ پلان غیر ملکی وفود کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ صبح 7 سے شام 7 بجے تک سر شاہ سلیمان روڈ اور یونیورسٹی روڈ آغا خان ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
تعلیمی ادارے بند
چار روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کی حدود میں موجود تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ محکمہ تعلیم سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کارساز، شارع فیصل، اور حبیب ابراہیم روڈ پر واقع سکولز اور کالجز 19 سے 22 نومبر تک بند رہیں گے۔ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز رفیعہ ملاح نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’تعلیمی ادارے بند ہوں گے لیکن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کچھ اسکول آن لائن تعلیم فراہم کریں گے، جبکہ کچھ ہفتہ کے دن اضافی کلاسز کے ذریعے سلیبس مکمل کریں گے۔ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے، مگر ہم نے بچوں کی تعلیم کا نقصان نہ ہونے کے لیے متبادل منصوبہ تیار کیا ہے۔
دیگر تقریبات
چار روزہ نمائش میں متعدد سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ 21 نومبر کو سی ویو پر خصوصی کراچی شو منعقد ہوگا، جہاں پاک فضائیہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کرے گی۔