پاکستان کا ایک اور ریکارڈ: 556 رنز بنا کر بھی اننگز سے شکست

download.jpg

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے تاہم اس کے باوجود اسے ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔میچ کے پانچویں دن پاکستان نے جب چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو سلمان آغا اور عامر جمال وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے بھرپور کوشش کے بعد جب اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں تو انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے صرف چار وکٹوں کی ضرورت تھی۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے پہلے سلمان آغا اور پھر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر دیا۔ ابرار احمد بیماری کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کر سکے۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار جبکہ گس ایٹکنسن اور بریڈن کارس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے چوتھے روز جب انگلینڈ نے 823 رنز پر اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بظاہر بالکل ہی فلیٹ دکھنے والی پچ بلے بازوں کے لیے مشکل دکھائی دینے لگی۔جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلی اننگز میں سینچری سکور کرنے والے عبداللہ شفیق اننگز کی پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔پاکستان کی دوسری اننگز میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ صرف 59 کے مجموعی سکور پر نصف ٹیم واپس پویلین لوٹ چکی تھی۔اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے چھ بولرز نے سو سے زائد رنز دیے جبکہ نسیم شاہ اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز جب ڈکلیئر ہوئی تو اس کی سات وکٹیں گریں تھیں۔ جبکہ انگلینڈ کو پاکستان پر 267 رنز کی برتری حاصل تھی۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے اور پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 151، سلمان آغا 104 اور عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے تین اور گس ایٹکنسن اور بریڈن کارس نے دو دو وکٹیں لیں تھیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’اس میچ میں ہم نے انگلینڈ سے سیکھا ہے کہ آپ نے ہر حال میں راستہ نکالنا ہوتا۔ انہوں نے 20 کھلاڑی آؤٹ کیے اور میچ جیتنے کا راستہ نکالا۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے