ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ کےخلاف شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سنچریاں، پاکستان نے 328 رنز بنا لیے

071158134f752dc.jpg

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے جبکہ کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صائم ایوب صرف 8 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے کھانے کے وقفے سے پہلے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔چائے کے وقفے سے قبل کپتان شان مسعود نے اپنے کریئر کی پانچویں اور بطور کپتان پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔آخری سیشن کے آغاز میں ہی عبداللہ شفیق نے جیک لیچ کو شاندار چھکا لگاکر اپنے کیریئر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر ایٹکنسن کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ شان مسعود کو 151 رنز پر جیک لیچ نے آؤٹ کیا۔

بابر اعظم بڑی اننگ نہ کھیل سکے اور 30 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے۔قومی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنالیے۔سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی غیر موجودگی میں اولی پوپ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جب کہ بیٹے کی پیدائش کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے والے قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیم میں 2 اسپنر اور 3 فاسٹ باؤلرز ہیں، انگلش کپتان اولی پوپ نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ہی کرتے۔

پاکستان پلینگ الیون:

شان مسعود (کپتان) صائم ایوب عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

انگلینڈ پلینگ الیون:

اولی پوپ (کپتان) زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ(وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس(ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے