حماس اور حوثیوں کا اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کا خیرمقدم

29102314e727cb8.jpg

ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کا حماس اور حوثیوں نے خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں حملے پر مبارکباد پیش کی ہے جبکہ عراقی مزاحمتی گروپ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جارحیت میں اسرائیل کا ساتھ دیا تو امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔حماس نے منگل کو اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کی تعریف کی کرتے ہوئے کہا کہ یہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس ایران میں پاسداران انقلاب کی طرف سے ہماری مقبوضہ سرزمین کے وسیع علاقوں پر کیے گئے جرات مندانہ راکٹ حملوں پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بہادر شہدا کے خون کا بدلہ ہے۔ اسی طرح یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بھی ایرانی میزائل حملوں کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

حوثیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایرانی فوجی آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے فلسطین کی حمایت کی عکاسی اور خطے میں اسرائیل کی بالادستی کو چیلنج کرتے ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ صہیونی وجود کو روکنا اور اس کا مقابلہ کرنا ہی اس پر حکمرانی کرنے اور اسے لبنانی اور فلسطینی عوام اور باقی خطے میں وحشیانہ جرائم سے روکنے کا واحد راستہ ہے۔

دوسری جانب عراقی مزاحمتی گروپ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ کہ اگر واشنگٹن نے ایران پر حملے میں اسرائیل کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تو عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ٹیلی گرام پر ایک بیان میں عراقی مزاحمتی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگر امریکا نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے جواب میں عراقی فضائی حدود کا استعمال کیا تو اس کے اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا، ایران کے خلاف کسی جارحانہ اقدام کا حصہ بنتا ہے یا اگر صہیونی دشمن عراقی فضائی حدود کو ایرانی سرزمین پر بمباری کے لیے استعمال کرتا ہے تو عراق اور خطے میں تمام امریکی اڈے اور مفادات ہمارا ہدف ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔جس سے اسرائیلی ائیر بیس "نیوتم” اور دیگر دفاعی مقامات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سے خبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے