غزہ اور مغربی کنارے کے شہداء کے تازہ ترین اعدادوشمار؛ 41 ہزار 501 شہید
فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے اب تک غزہ میں 40,819 اور مغربی کنارے میں 682 افراد شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کے اعلامیے کے مطابق صیہونی حکومت نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ پٹی میں عام شہریوں کے قتل عام کے تین واقعات کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور 67 زخمی ہوگئے۔
اس طرح غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 40,819 فلسطینی شہید اور 94,291 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ بدھ کو مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 30 فلسطینی شہید اور 130 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت کی رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے میں طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے اب تک 682 فلسطینی شہید اور 5700 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
گذشتہ بدھ سے صیہونی قابض فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں پے در پے وسیع فوجی آپریشن شروع کیے ہیں اور اس علاقے میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو شہید یا گرفتار کیا ہے۔