غاصب صیہونی حکومت کے اہداف پرحزب اللہ لبنان کے 15 حملے
حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اس نے جمعے کو شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر 15 حملے کئے ہیں
لبنان کی اسلامی استقامتی تنظیم حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اس کے مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر وسیع حملے کئے ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے بتایا ہے کہ اس کے مجاہدین نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور جنوبی لبنان پر صیہونی حملوں کے جواب میں جمعے کو کئے جانے والے حملوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک حملے میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے میرون فوجی اڈے کے جاسوسی آلات کو نشانہ بنایا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے مجاہدین نے اسی طرح صیہونی حکومت کے المالکیہ فوجی اڈے اور الخزان نامی ٹیلے کے اطراف میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک مرکز پر گولہ باری کی اور مقبوضہ کفر شوبا کی پہاڑیوں پر السماقہ اور رویسات العلم اسرائیلی فوجی اڈوں نیز خربہ ماعر میں صیہونی فوج کے توپخانے پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نےصیہونی فوج کے عین زیتیم اڈے، المطلہ فوجی اڈے میں صیہونی فوجیوں کے جمع ہونے کے ایک مرکز، رامیم فوجی چھاؤنی، حدب یارون فوجی اڈے، العباد فوجی اڈے، زرعیت اور یفتاح فوجی چھاؤنیوں نیز کریات شمونہ صیہونی کالونی پر بھی حملے کئے ہیں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے بھی جمعے کو اعلان کیا تھا کہ مقبوضہ شمالی فلسطین پر لبنان سے جمعے کے دن سو سے زائد میزائل اور راکٹ فائرکئے گئے۔
صیہونی حکومت کے ریڈیو اور ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لبنان سے تقریبا 40 میزائل کریات شمونہ صیہونی کالونی اور اس کے اطراف کے علاقوں پر داغے گئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق کریات شمونہ صیہونی کالونی کی بلدیہ نے کالونی میں رہنے والے صیہونی آبادکاروں سے کہا ہے کہ اگلے اعلان تک پناہ گاہوں میں ہی رہیں۔