جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے کا 9 واں دن، شرکا کی تعداد بڑھنے لگی

2678837-jamaateislamidharna-1722661077-368-640x480.jpg

راولپنڈی: جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی دھرنے کا آج 9واں دن ہے جب کہ روز بہ روز شرکا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بجلی کی مسلسل بڑھتی قیمتیں، بلز میں اضافی ٹیکسز، آئی پی پیز کے معاہدوں اور حکومتی اخراجات کم کرنے سمیت 10 مطالبات پر عمل کے لیے جماعت اسلامی کے تحت راولپنڈی کے لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا نویں دن میں داخل ہوگیا۔ اس دوران ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی وجہ سے دھرنے کے شرکا کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

دھرنے میں شریک کارکنوں کا جوش و ولولہ قائم ہے جب کہ خواتین و تاجر بھی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دھرنے کا باقاعدہ حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ آج احتجاج کے نویں روز بھی دھرنے کے شرکا کو ناشتہ فراہم کیا گیا جب کہ تاجر تنظیموں کی جانب سے دھرنے کی حمایت میں کئی مقامات پر بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔

جماعت اسلامی کے دھرنے کے آغاز سے اب تک حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 2 ادوار ہو چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی اور دونوں جانب سے مذاکراتی ٹیموں کا تیسرا دور تاحال نہیں ہوا ہے، آج ہفتے کے روز مذاکراتی ٹیموں میں رابطے کا امکان ہے۔

دریں اثنا گزشتہ روز حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے قطر جانے کے بعد امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جو آج ساڑھے گیارہ بجے دھرنے کے مقام پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے