بیروزگاری، غربت کے باعث انسانی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے ، وزیرداخلہ
اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن پر بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بے روزگاری، غربت اور دولت کی غیرمساوی تقسیم سے انسانی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے منظم گینگ سرگرم ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کوانسانی اسمگلنگ کا سب سے زیادہ سامنا ہے۔
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے ان گینگز کی سرکوبی کے لئے ہمہ وقت چوکس ہے اور متعدد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا چکا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقوام عالم کو کثیر الجہتی مشترکہ اقدامات اٹھانا کی اشد ضرورت ہے۔ انسانی اسمگلرز لالچ میں ہزاروں لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔ انسانی اسمگلرز کے ہاتھوں کئی خاندان اپنے پیاروں سے جدا ہو چکے ہیں۔ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کو آج اس گھناؤنے جرم کے خلاف اکٹھے کھڑے ہونا ہو گا۔ انسانی سمگلنگ انسانی حقوق، وقار اور آزادی کی صریحا خلاف ورزی ہے۔