کراچی: عدالت کا کولا نیکسٹ کے مالک کی گمشدگی پر حکام سے جواب طلب

WhatsApp-Image-2024-07-26-at-10.05.21-PM.jpeg

سندھ ہائی کورٹ نے پراچہ ٹیکسٹائل اور کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی جمعے کو سماعت کرتے ہوئے وفاقی وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ سندھ، انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 جولائی تک جواب طلب کرلیا ہے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد کلری تھانے کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو بھی 30 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔

ذوالفقار احمد کلری تھانے کی حدود سے 23 جولائی کو لاپتہ ہوگئے تھے۔پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر مغوی ذوالفقار احمد کے اہل خانہ نے سندھ ہائی کورٹ کو درخواست دی۔لاپتہ ذوالفقار احمد کی اہلیہ عنبر ذوالفقار نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دی کہ ان کے شوہر ذوالفقار احمد 23 جولائی کی شام سوا پانچ بجے دفتر سے اپنے ایک دوست قیصر کے ہمراہ کلفٹن جا رہے تھے۔ماری پور روڈ پر آگرہ تاج کالونی کے قریب نامعلوم افراد ان کی گاڑی روک کر ان کے شوہر اور شوہر کے دوست کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے لے گئے۔عنبر ذوالفقار کے مطابق کچھ فاصلے پر نامعلوم افراد نے قیصر کو رہا کردیا اور ان کے شوہر کو اپنے ساتھ لے گئے۔
عنبر ذوالفقار نے عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا ان کے شوہر کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر مینیجر عمران ملک نے کلری تھانے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی، مگر پولیس نے تاحال ایف آئی درج نہیں کی اور نہ ہی ان کے شوہر کا پتہ لگایا ہے۔ڈپٹی انسپیکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کراچی ساؤتھ اسد رضا نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ذوالفقار احمد کے گھر والوں نے پولیس کو درخواست تو دی مگر مقدمہ درج کرانے کوئی نہیں آیا۔ اس لیے ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی۔اسد رضا کے مطابق: ’جبری گمشدگی کا یہ کوئی نیا کیس نہیں ہے۔ جب بھی کوئی کسی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرانے آتا ہے تو پولیس مقدمہ درج کرتی ہے۔ ہم خود ذوالفقار احمد کے گھر والوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔’جلد انسداد دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔‘

ذوالفقار احمد پراچہ ٹیکسٹائل اور میزان گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایک معروف کاروباری شخصیت ہیں۔انہوں نے پاکستان میں کولا نیکسٹ کامیابی سے چلایا ہے اور اپنے کاروباری مہارتوں کی بنا پر مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔میزان گروپ کا ’کولا نیکسٹ‘ ایک معروف سوفٹ ڈرنک برانڈ ہے جو پاکستان میں اپنی مختلف فلیورز کی وجہ سے مقبول ہے۔غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے پس منظر میں مغربی مصنوعات کے بائیکاٹ کے بعد یہ ڈرنک مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے