پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے جدید الیکٹرانک ٹریفک پولیسنگ شروع

2671913-lahoretraffic-1721635301-110-640x480.jpg

لاہور: پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے جدیدالیکٹرانک ٹریفک پولیسنگ شروع کردی گئی ۔

صوبے میں دھواں پھیلانے والی ہر گاڑی کی جدید کیمروں سے پڑتال کا آغاز کردیا گیا ہے، اس دوران صوبائی دارالحکومت میں جدید ٹیکنالوجی سے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کیے جا رہے ہیں۔

ٹریفک اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر الیکٹرانک چالان کیے جائیں گے۔ جدید کیمروں سے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور آٹورکشہ کے دھویں کی مقدار کی پڑتال بھی کی جائے گی جب کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑی کی تصویر اور ویڈیو بھی بنانے کا سلسلہ شروع کردیاگیا ہے۔ الیکٹرانک ٹکٹ میں دھواں پھیلانے والی گاڑی کی تصویر بھی لگائی جارہی ہے۔

لاہور ٹریفک پولیس کی طرف سے دھواں چھوڑنے والے ٹرکوں، بسوں، کاروں، ویگنوں،آٹو رکشہ اورموٹر سائیکلوں کے الیکٹرانک اور مینوئل چلان کیے جا رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے پنجاب میں ٹریفک پولیسنگ کا کلچر تبدیل ہورہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کے استعمال سے ماحولیاتی تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجارہا ہے۔ مرحلہ وار جدید الیکٹرانک ٹریفک پولیسنگ کا نظام صوبے کے ہر شہر میں لاگو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے پنجاب کو اسموگ فری اور جدید پولیسنگ والا مثالی صوبہ بنائیں گے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے