سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملی گی یا نہیں؟ فیصلہ آج سنایا جائیگا
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں زیر سماعت سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس پر فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔
گزشتہ روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ ججز کی آرڈر سے متعلق مشاورتی اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل (جمعہ) کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کی پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر جمعرات کو فیصلہ محفوظ کیا گیا، جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے محفوظ نشستوں سے انکار کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے تیرہ رکنی فل بینچ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشست سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تیرہ رکنی فل کورٹ بینچ نے معاملے کی سماعت کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ میں آج مختصر رہوں گا، 15 منٹ میں جواب الجواب مکمل کروں گا، آرٹیکل 218 کے تحت دیکھنا ہے کیا الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری شفاف طریقہ سے ادا کی یا نہیں؟
وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ ثابت کروں گا الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری مکمل نہیں کی، کیس سیدھا ہے کہ سنی اتحادکونسل کو مخصوص نشستیں نہیں دی جا سکتیں، مؤقف اپنا گیاکہ سنی اتحاد کونسل نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا، مخصوص نشستوں کی لسٹ جمع نہیں کروائی۔
خیال رہے کہ فل بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔