چیف جسٹس میرے کیسز کی سماعت نہ کریں، عمران خان
سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے استدعا کی کہ چیف جستس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ میرے کیسز کی سماعت نہ کریں۔
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ہے۔
اپنے تحریری جواب میں عمران خان نے سپریم کورٹ سے انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ کسی کی کرپشن بچانے کے لیے قوانین میں ترامیم کسی بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا، کرپشن معیشت کے لیے تباہ کن اور منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا ترامیم کا فائدہ آپ کو بھی ہوگا، میرا مؤقف واضح ہے میری ذات کا نہیں بلکہ ملک کا معاملہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی آئین کے مطابق کرنی چاہیے، نیب اختیار کا غلط استعمال کرتا ہے تو ترامیم اسے روکنے کی حد تک ہونی چاہیے،البتہ اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے۔