پزشکیان سے شہباز شریف کا رابطہ/ ایران کے ساتھ ہمہ گیر روابط کے استحکام کا عہد

171266249.jpg

پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلیفون کرکے تہران کے ساتھ ہمہ گیر روابط کے فروغ کے لئے اسلام آباد کی آمادگی کا اعلان کیا ہے

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے پیر کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ برقرار کرکے، انہیں مبارکباد پیش کی ۔

انھوں نے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ان سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خدمت میں اپنا مخلصانہ سلام پہنچانے کی درخواست کی اور کامیاب صدارتی انتخابات اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی پر انہیں اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور پاکستان دو برادر پڑوسی ملک ہیں جو تاریخی، دینی اور ثقافتی اشتراکات کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے دور صدارت میں مسعود پزشکیان کی کامیابی کی آرزو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد تہران کی نئی حکومت کے ساتھ روابط کی تقویت اور تجارت، توانائی نیز خطے کی سلامتی میں تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے ۔

انھوں نے کہا کہ شہید صدر آیت اللہ رئیسی کے تاریخی دورہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور شراکت کے لئے حالات سازگار بنادیئے ہیں۔

اس ٹیلیفونی گفتگو کے بارے میں پاکستان کے وزیر اعظم کے سیکریٹریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ہم آہنگی نیز تبادلہ خیال اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے