پزشکیان اور پوتن کی ٹیلیفونی گفتگو، تہران ماسکو روابط پر تبادلہ خیال
روسی ایوان صدر نے رپورٹ دی ہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں تہران ماسکو روابط کا جائزہ لیا
روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے اس سے پہلے سنیچر کو ایک پیغام ارسال کرکے ایران کا صدر منتخب ہونے پر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کی تھی۔
روسی صدرنے آج پیر کو ٹیلیفونی گفتگو میں ایک بار پھر انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کی آرزو کی۔
دونوں رہنماؤں نے اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں تہران اور ماسکو کے درمیان اعلی سطح کے دوستانہ روابط پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی زیادہ سے زیادہ قربت اور باہمی تعاون میں زیادہ توسیع پر زور دیا۔
مسعود پزشکیان اور ولادیمیر پوتن نے رواں عیسوی سال میں ورکنگ پروگرام کے بارے میں رابطے پربھی اتفاق کیا ہے۔
اس درمیان روسی ایوان صدر کے ترجمان نے ایران کے صدارتی الیکشن اور مسعود پزشکیان کے صدر منتخب ہوجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو امیدہے کہ ایران کے ساتھ اس کے قریبی دوستانہ روابط جاری رہیں گے۔
روسی ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پسکوف نے ایران کے صدارتی الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماسکو ایرانی عوام کے انتخاب کے احترام کا قائل ہے اور نئے ایرانی صدر کے لئے کامیابی کی آرزو کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت تہران ماسکو روابط بہت اچھے اور فروغ پذیر ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مختلف شعبوں میں ہمارے قریبی تعاون کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔