عمران خان کا چیف جسٹس پر عدم اعتماد کا اظہار، بھوک ہڑتال کا اعلان
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف جستس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا۔
عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان نے جیل میں بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی حتمی تاریخ کا اعلان کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور میرے مقدمات کے ہر بینچ میں قاضی فائز عیسیٰ کیسے آ جاتے ہیں۔ میرے وکلا نے قاضی فائض عیسی کی ہر بینچ میں موجودگی پر اعتراض کیا ہے۔ اب ہمیں شک ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے پاکستان ہائبرڈ تھا اب اتھرٹیٹو پر چلا گیا ہے اب ملک میں ڈکٹیٹر شپ ہے، ساری دنیا کو پتا ہے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے یہ کانگرس اور اقوام متحدہ کی قرارداتوں کی باتیں کرتے ہیں۔ یہ کہتے ہیں ہم افغانستان پر حملہ کر دیں گے جبکہ ان کے کرنل اور میجر یہاں جیل میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں مداخلت بند نہ ہوئی تو بانی پی ٹی آئی کے اعلان کے بعد ملک گیر بھوک ہڑتال ہوگی۔
علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے بھوک ہڑتال کے اعلان پر ملک بھر میں پی ٹی آئی کی جانب سے پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔