صیہونی حکومت کی بندرگاہ پر یمن اور عراق کے مجاہدین کا مشترکہ حملہ
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بدھ کو غاصب صیہونی حکومت کی حیفا بندرگاہ پر ایک جہاز پر عراقی مجاہدین اور یمنی فوج کے مشترکہ حملے کی خبر دی ہے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی سریع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی نیز صیہونیوں کے دیگر جنگی جرائم کے جواب میں عراق کی اسلامی استقامتی تحریک اور یمنی فوج نے باہمی تعاون سے حیفا بندرگاہ پر موجود ایم ایس سی منزا نیلو بحری جہاز پر حملہ کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق یمنی اورعراقی مجاہدین نے یہ مشترکہ آپریش ڈرون طیاروں کی مدد سے انجام دیا ہے۔یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ حملہ کامیاب رہا ہے۔
انھون نے کہا کہ جب تک غزہ کا محاصرہ اور مظلوم فلسطینی عوام پر صیہونی فوج کے حملے جاری ہیں، خدا کی نصرت سے ہم عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے تعاون سے صیہونی اہداف پر اپنے حملوں کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج، عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے تعاون سے غاصب صیہونی حکومت کے اہداف پر اب تک متعدد کامیاب حملے انجام دے چکی ہیں۔