نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب

nat.jpg

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ایک بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا شریک ہوں گے۔

چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت تمام آئی جیز بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آج ہونے والے نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں قومی سلامتی کے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اپیکس کمیٹی کو سعودی عرب اور چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں پر بھی آگہی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چینی ورکرز کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیشنل سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، اسٹریٹ کرائمز، چوری اور رہزنی کی وارداتیں قومی سلامتی کے اہم مسائل میں شامل ہیں جبکہ سی پیک کے مختلف منصوبوں کی تکمیل میں مصروف غیر ملکی باشندوں کی سلامتی بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔

سی پیک کے منصوبوں کو امریکا اور چین سمیت دنیا کی بڑی معیشتیں اور خطے سے باہر بیٹھی مغربی طاقتیں اپنے اپنے مفادات کے تناظر میں دیکھ رہی ہیں۔ ایسے میں نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ سعودی عرب اور چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ میٹنگز سے بھی ایپکس کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے