کولمبیا کے صدر نے نیتن یاہو کو بین الاقوامی مجرم قرار دے دیا
کولمبیا کے صدر نے صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کو غزہ میں نسل کشی کی وجہ سے ” بین الاقوامی مجرم ” قرار دیا ہے۔
گوستاوو پیٹرو نے ایکس پر بیت المقدس میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کی ایک تصویر پوسٹ کرکے لکھا ہے: اسرائیلی عوام نے جواب دینا شروع کر دیا ہے ۔ مظاہروں میں ڈیڑھ لاکھ اسرائیلیوں نے بین الاقوامی مجرم نیتن یاہو کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی پارلیمنٹ کے سامنے صیہونی وزیر اعظم کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرہ ہوا ہے۔
کولمبیا کے صدر نے اپنے ایک دوسرے پیغام میں اسرائیلیوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غزہ میں بچوں کے قتل عام پر آنکھیں بند نہ رکھیں اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی نسل کشی کو روکنے کا کوئی طریقہ تلاش کریں۔
کولمبیا کے صدر نے غزہ پر صیہونی حملے کی بھی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ یقین رکھیں کہ غزہ میں بچوں، خواتین اور بوڑھوں پر بمباری کرکے اسرائيل کے وزیر اعظم "ہیرو” نہیں بن سکتے۔
کولمبیا نے غزہ میں نسل کشی کی وجہ سے مئ میں صیہونی حکومت سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کر لئےاور نیتن یاہو نیز ان کے ساتھیوں کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔
کولمبیا نے اسی طرح صیہونی حکومت کو کوئلہ فروخت کرنے سے بھی انکار کر دیا اور اس طرح سے اسرائیل کا بائکاٹ کرنے والا لاطینی امریکہ کا پہلا ملک بن گیا۔