وزیراعلیٰ کے پی نے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیدی
ڈی آئی خان: وزیراعلی خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بجلی کی مد میں وفاق پر ہمارے 1600 ارب روپے ہیں، وفاق نے ڈیڑھ ماہ کا وقت مانگا جو پورا ہوگیا اب ہم ہر اقدام کے لیے آزاد ہیں، اگلے اقدام کے طور پر نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی بند کرسکتے ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے 1600 ارب روپے واجب الادا ہیں جو مشترکہ مفادات کونسل سے منظور شدہ ہیں، واپڈا سے جڑے تمام حل طلب معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت کی، لائن لاسز کے معاملے کو حل کرنے کے لئے ہم نے بھر پور تعاون کیا، جن علاقوں میں بہت زیادہ لاسز ہیں وہاں لوگوں کو سولر سسٹم دینے کے لئے ہم نے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاق کو 15 دن کی ڈیڈلائن دی تھی، وفاق نے ڈیڑھ مہینے کا ٹائم اور تعاون مانگا تھا اور ہم نے بھر پور تعاون کیا، وفاقی حکومت مینڈیٹ چوری کرکے جھوٹ کی بنیاد پر حکومت میں بیٹھی ہے، اس نے اپنا کمٹمنٹ پورا نہیں کیا اب جب ڈیڑھ مہینے کا وقت ختم ہوا تو میں نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو مسیج کیا اور کال کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا جس کا مطلب ہے کہ وہ آزاد اور ہم آزاد ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ میں اپنے تمام پارلیمنٹرینز اور پارٹی ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ اب وہ بحیثیت منتخب نمائندہ میری پالیسی پر عمل کریں گے، اگر میری دی ہوئی پالیسی پر عمل ہوگا تو بحیثیت عوامی نمائندہ ہم سب کی عزت ہوگی، میں اپنے لوگوں کو پیغام دیتا ہوں کہ کسی نے بھی واپڈا کے اثاثوں کو نقصان نہیں پہنچانا، یہ ہمارا اثاثہ ہے کیونکہ یہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے بنے ہیں۔