پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو رہا ہے، وزیراعظم کا قوم سے خطاب
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کرر ہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے پاکستان اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو حج اور عیدالضحیٰ کے موقع پر دل کی اتھا گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ ہماری عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ظلم غزہ میں ڈھایا جا رہا ہے اور غزہ میں تقریباً 40 ہزار افراد کو شہید کردیا گیا، جن میں شی خوار بچے بھی تھے، اس سے بڑا ظلم عصر حاضر میں دیکھتی آنکھ نے پہلے اس طرح کے دلخراش مناظر نہیں دیکھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح کشمیر کی وادی میں کشمیریوں جو ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، اس طرح کی بدترین مثال عصر حاضر میں نہیں ملتی اور کشمیر کی وادی کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے خون سے سرخ ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور ہم سب دست و دعا ہیں کہ فلسطین اور کشمیریوں کو ان کی آزادی کا حق ملے تاکہ وہ دنیا کی دیگر آزاد قوموں کی ترقی کریں اور آگے بڑھیں۔
وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا کہ اپریل 2022 میں جب ہم نے اقتدار کی ذمہ داری سنبھالی تو اس وقت معاشی صورت حال تھی وہ سب کے سامنے ہے اور ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، جس کا سہرا قائد نواز شریف اور 13 جماعتوں کے زعما کو جاتا ہے، جن میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر تمام اکابرین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے نہ صرف وہ وعدہ نبھایا بلکہ پاکستان معاشی مشکلات سے آہسہ آہستہ نکل کر ترقی اور خوش حالی کے راستے پر گامزن ہو رہا ہے
قبل ازیں وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج شام 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور وزیراعظم کا خطاب پی ٹی وی نیٹ ورک پر نشر کیا جائے گا۔