’آل آئیز آن رفح‘: انڈین، پاکستانی ستاروں کی حملوں کی مذمت

361506-849169491.jpg

دو روز قبل اسرائیلی فوج نے رفح میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا جس کے مناظر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں رہائیشیوں کے مطابق جمعرات کو بھی شدید گولا باری ہوتی رہی ہے۔رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیل فوج کا حملہ اتنا شدید تھا کہ اقوام متحدہ کے ادارے کو بھی کہنا پڑا کہ یہ ایک ’انتہائی خوف ناک‘ حملہ تھا جس میں غزہ کے حکام کے مطابق 45 اموات ہوئیں۔حملے کی پاکستان، سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے اپنے جذبات کا اظہار ایک ٹرینڈ کے ذریعے کیا جسے ’آل آئیز آن رفح‘ یعنی تمام نظریں رفح پر کا نام دیا گیا ہے۔

اس ٹرینڈ میں استعمال کی جانے والی تصویر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ہے، جس میں کھلے آسمان تلے، برف سے ڈھکے پہاڑوں کے بیچ کھلے میدان میں بے گھر فلسطینیوں کے کمیپ دکھائے گئے ہیں۔جہاں عام صارفین نے اس ٹرینڈ کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا، وہیں نامور شخصیات نے بھی رفح پر حملے پر اپنی نظریں ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اس ٹرینڈ کو اپنی سٹوری پر لگایا۔دو دن سے انسٹاگرام پر عام صارفین سمیت پاکستانی اور بالی وڈ سٹارز کی سٹوریز پر ایک ہی تصویر دکھائی دی، جو تھی ’آل آئیز آن رفح‘۔دو دن میں اس تصویر کو اب تک چار کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد کی جانب سے شئیر کیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں یہ سٹوری ماہرہ خان، عائزہ خان، یمنی زیدی اور ہمایوں سعید جیسے بڑے اداکاروں نے شئیر کیا۔ماہرہ خان نے رفح پر حملے کے بعد پوسٹ میں فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف ایک بار پھر آواز بلند کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم کس دنیا میں رہ رہے ہیں۔ یہ کون لوگ ہیں جو جلے بچوں کے کٹے ہوئے سروں کو دیکھ کر بھی کانپ نہیں جاتے؟یمنی زیدی نے بھی رفح کی تصویر لگاتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

بالی وڈ ستاروں نے رفح کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے اپنی انسٹا سٹوری پر ’آل آئیز آن رفح‘ کی تصویر شئیر کی۔ان سٹارز میں عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا، کرینہ کپور، سونم کپور اور ورون دھون جیسے بڑے نام شامل ہیں۔عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شئیر کی، جس میں لکھا تھا کہ ’تمام بچے پیار کے مستحق ہیں۔ تمام بچے حفاظت کے مستحق ہیں۔ تمام بچے امن کے مستحق ہیں۔تمام بچے زندگی کے مستحق ہیں اور تمام مائیں اس چیز کی مستحق ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو یہ سب دے سکیں۔

کرینہ کپور نے بھی اپنی انسٹاگرام سٹوری پر یونیسیف کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی ایک پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا، جس میں رفح میں بچوں اور خاندانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس فعل کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
الی وڈ ستاروں کا فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانا کئی انڈینز سوشل میڈیا صارفین کو ناگوار گزرا جس کا اظہار انہوں نے ’بائیکاٹ بالی وڈ‘ کے ٹرینڈ سے کیا۔اس ٹرینڈ کے خلاف انڈین اداکارہ پوجا بھٹ نے آواز اٹھائی اور لکھا کہ ’یہ پھر سے شروع ہو گیا! فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر اجتماعی طور پر آواز اٹھانے کی قیمت انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ادا کرتی ہے۔پوجا بھٹ نے اس پوسٹ کے ساتھ ہیش ٹیگ ’آل آئیز آن رفح‘ کا استعمال بھی کیا۔

تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی اس تصویر کے وائرل ہونے پر اعتراضات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ان صارفین کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت حقیقت ہے اور اس کے لیے آواز اٹھانے کے لیے بھی حقیقی تصاویر کا استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ دنیا اسرائیلی جارحیت کو جان سکے۔ایکس پر ایک صارف نے پوسٹ کی کہ ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ مشہور شخصیات کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصویر کا استعمال کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ ’جمالیاتی لحاظ سے خوبصورت تصویر ہے، اور اسے جدید طور پر دیکھا گیا ہے۔ یہ حقیقت سے دور کر رہی ہے۔انہوں نے حقیقی تصاویر کے استعمال کا مطالبہ کیا۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے