ایران کے قائم مقام صدر اور سعودی ولی عہد کی ٹیلیفونی گفتگو، باہمی روابط اورعالم اسلام کے مسائل پر تبادلہ خیال

171166130.jpg

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے قائم مقام صدرکو فون کرکے صدرآیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کی تعزیت پیش کی اور باہمی روابط نیز علاقائی مسائل پر گفتگو کی . سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمعے کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر کو ٹیلیفون کرکے آیت للہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کی تعزیت پیش کی ۔

انھوں نےکہا کہ یہ حادثہ ہمارے لئے بہت دردناک تھا۔ جناب رئیسی اوراسی طرح ایران کے وزیر خارجہ کا بچھڑجانا، جو ہمارے وزیر خارجہ کے بہت گہرے دوست تھے، ہمارے لئے المناک ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ان دونوں عزیزوں نے جس راستے کا احیا کا اور باہمی روابط میں فروغ کا جو آغاز کیا سعودی عرب اس کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

محمد بن سلمان نے علاقے اور عالم اسلام کے لئے ایران اور سعودی عرب کے روابط میں فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے اور اسلامی دنیا میں تہران اور ریاض کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ان کے باہمی روابط کا فروغ علاقے کے لئے درخشاں مستقبل رقم کرے گا۔

انھوں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر سعودی فرمانروا ملک سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد کے محبت آمیز پیغام تعزیت نیز شہید صدر اور ان کے ساتھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے پروگرام اور آخری رسومات میں شرکت کے لئے سعودی بادشاہ کے معاون خصوصی نیز وزیر خارجہ کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اس سانحے میں دو بہت اہم، موثر اور ھمدرد شخصیات نیز دیگر خادمان ملک وقوم کو کھودیا اور ان کی شہادت نے ہم سب کو سوگوار کردیا۔

ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر نے دوست اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ روابط میں توسیع کو شہید آیت اللہ رئیسی کی اسٹریٹیجک کامیابیوں میں شمار کیا اور کہا کہ انتھک محنت کرنے والے ایسے صدر مملکت کا فقدان ہمارے لئے بہت سخت ہے لیکن ہماری پالیسی اور اسٹریٹیجی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور شہید صدر کے دور میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان شروع ہونے والا باہمی اعتماد اور محبت کا جذبہ اسی طرح جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کے ساتھ روابط اور اچھی ہمسائگی کے فروغ کے علاوہ ہمارے سامنے کوئی اور راستہ نہیں ہے اور باہمی ہمراہی و ہمدلی علاقے کی ترقی اور ثبات و استحکام کی ضامن ہے۔

ڈاکٹر محمد مخبر نے ایران اور سعودی عرب کے روابط کو عالم اسلام کے لئے کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض طاقتوں کی مخالفت کے برخلاف آج ہمارے روابط بہت اچھی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ علاقے کو ہمارے باہمی روابط میں توسیع کی شدید ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کو چاہئے کہ اپنے اقتصادی روابط بڑھاکر سیاسی روابط کو پہلے سے زیادہ مستحکم کریں اور اعلی ترین سطح تک پہنچائيں۔

ایران کے قائم مقام صدر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایرانی عازمین حج کے بہترین استقبال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے شہید صدرنے آپ کو ایران کے دورے کی دعوت دی تھی ہم اس دعوت کا اعادہ کرتے ہیں اور آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے دوست اور برادر ملک ایران کا دورہ کریں۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے جناب محمد مخبر کو بھی سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی ہے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے