ایروانی: امریکا یمن کے خلاف اپنی فوجی جارحیت کی توجیہ کے لئے ایران کے بارے میں جھوٹ پھیلارہا ہے
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مسقتل مندوب امیر سعید ایروانی نے یمن کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی نمائندے کے ایران مخالف دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام مکتوب میں یمن کے بارے میں سلامتی کونسل کے 13 مئی 2024 کے اجلاس میں امریکی مندوب کے ایران مخالف دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ان جھوٹے دعووں کا محرک سیاسی اور مقصد یمن کے خلاف واشنگٹن کی مسلسل جارحیت کا جواز پیش کرنا ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ امریکی مندوب نے ایک بار پھرسلامتی کونسل کا پلیٹ فارم یمن کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے خلاف واشنگٹن کے غیر قانونی اقدامات اور جارحیت کی غلط توجیہ کے لئے استعمال کیا ہے۔امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بے بنیاد دعووں کو صراحت کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔انھوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسی کے ساتھ 14 اپریل کے اجلاس میں امریکا، برطانیہ اور فرانس کے نمائندوں کے بیانات کو بھی مسترد کرتاہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اس سے پہلے 15 جنوری ، 19 فروری اور 18 مارچ کے مکتوب میں صراحت کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ ایران یمن کے تعلق سے سلامتی کونسل کی قرار دادوں کا پابند ہے اور ان قرار دادوں کے منافی کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔