3 ہمسایہ ملک داعش کے ہاتھ مضبوط کرتے ہیں: طالبان نائب وزیر خارجہ
افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر خارجہ امیرخان متقی نے دلیل دی کہ تین ہمسایہ ممالک نے دہشت گرد تنظیم داعش کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔قومی میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق، متقی نے دارالحکومت کابل میں دوسرے افغان -قازق میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بیان دیا۔
یہ دلیل دیتے ہوئے کہ تین ہمسایہ ممالک افغانستان اور خطے میں دہشت گرد تنظیم داعش کی حمایت کرتے ہیں، متقی نے دعویٰ کیا کہ ان میں سے ایک تنظیم کو افرادی قوت فراہم کرتا ہے، دوسرا تربیت فراہم کرتا ہے اور تیسرا رسد فراہم کرتا ہے۔یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ان کے ملک میں 10 دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان سے باہر کی گئی تھی، متقی نے ان ممالک سے کہا کہ وہ انہیں نقصان پہنچانا بند کریں۔
امیرخان متقی نے زیربحث ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے تاہم افغان میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ نام تاجکستان، پاکستان اور ایران کے ہیں۔یہ دعویٰ کیا گیا کہ متقی نے تاجکستان پر تنظیم کو افرادی قوت فراہم کرنے، پاکستان پر تربیت فراہم کرنے اور ایران پر لاجسٹک مدد فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے ۔