نیلسن مینڈیلا کا پوتا اور ” چی گویرا ” کی بیٹی غزہ جانے والے فریڈم فلوٹیلا میں شامل
انقرہ :- "فریڈم فلوٹیلا” اتحاد تقریباً 1,000 یکجہتی کارکنوں کی شرکت کے ساتھ فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے نامزد کردہ "بحیرہ روم” جہاز کو روانہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔اس میں 12 ممالک کی سول سوسائٹی کی تنظیموں کی طرف سے محاصرہ توڑنے اور فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش شامل ہے، جو مسلسل ساتویں ماہ سے نسل کشی کی جنگ کا شکار ہیں۔
ملائیشین فریڈم فلوٹیلا موومنٹ سے تعلق رکھنے والی کارکن فوزیہ محمد حسن نے کہا کہ فریڈم فلوٹیلا کے سفر کی تیاریاں دنیا کے مختلف حصوں سے 280 سے زیادہ اہم شخصیات کی شرکت کے ساتھ ہو رہی ہیں جن میں ڈاکٹرز، وکلاء، انجینیرز اور پروفیسرز کے ہمراہ معروف انقلابی لیڈر نیلسن مینڈیلا کے پوتے زیویلیو منڈیلا، اور کیوبا کے اساطیری راہنما اور جنگی کمانڈر چی گویرا کی بیٹی الیڈا گویرا بھی شامل ہیں
نارویجن فریڈم فلوٹیلا موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ٹورسٹن ڈیلی نے کہا کہ غزہ کو انسانی امداد پہنچائی جانی چاہیے، خاص طور پر 6 ماہ سے زیادہ عرصے سے "نسل کشی اور قتل عام” کے بعد پوری دنیا کا فرض ہے کہ جنگ سے متاثرہ لوگوں تک امداد پہنچائی جائے۔