وزیر اعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

2629850-saudipmfm-1713250018-535-640x480.jpg

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوئے، اجلاس میں تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطح سعودی وفد پاکستان پہنچا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔اس موقع پر بچوں نے سعودی وزیر کو پھول پیش کیے اور آرمی بینڈ کی جانب سے اسٹیٹک گارڈ کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان درینہ برادرانہ تعلقات ہیں، یہ دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا جب کہ دورہ اقتصادی شراکت داری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔سعودی عرب کے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے