وزیراعظم نے آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کیلیے وزراء کو اہداف دیے ہیں، وزیر اطلاعات

2624547-informationminister-1711874685-590-640x480.jpg

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے لیے وزراء کو اہداف دیے ہیں۔ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ وزیر اعظم پاکستان کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم نے تمام وزراء کو پانچ سالوں کے لیے اہداف مقرر کیے، ہر وزارت کو بتایا گیا کہ آپ کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم کیا پروگرام ہونے چاہیے، وزیر اعظم پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہر وزیر کی کارکردگی کو دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر وزیر کو جو اہداف دیے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دیکھا جائے گا کہ یہ اہداف حاصل کیے گئے یا نہیں، تحریری طور پر تمام وزراء کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آپ کو کیا کیا اہداف دیے گئے ہیں، فاننس کے وزیر کو اہداف دیے گئے ہیں جس میں مہنگائی میں کمی اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کا ہدف دیا گیا ہے۔عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پہلی دفعہ وزارتوں کو یہ اہداف تحریری طور پر دیے گئے ہیں جہاں ہر ایک متوازن کابینہ آئی ہے، خود احتسابی کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے، تجارتی خسارے کو کم کرنا اور زرمبادلہ کو بڑھانا ہدف ہے، پوری دنیا میں ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ کو سراہا جا رہا ہے، پورے ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام کو لے کر آنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کا ہدف بھی دیا گیا ہے، اسمگلنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے بھی اہداف دیے گئے ہیں۔ اسی طرح، قانون پر عمل درآمد کروانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تعلیمی اداروں اور صنعت و تجارت کے اشتراک کے ساتھ اس کو آگے بڑھانے کا ہدف دیا گیا ہے۔وفاقی وزی نے کہا کہ دسمبر2027 تک خلیجی ممالک کے برآمدات میں اضافے کا ہدف دیا گیا ہے، دوست ممالک کے ساتھ تجارت و تعلقات میں اضافے، شرح خواندگی کے حوالے سے اور جو بچے اسکول سے باہر ہیں ان کی تعلیم کے لیے بھی ہدف دیے گیے ہیں۔ پی آئی اے کی نجکاری کو فوری طور پر منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے