یوکرین نے کسی تیسرے ملک کے ہوائی اڈّے استعمال کئے تو ہم انہیں نشانہ بنائیں گے: پوتن
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ یوکرین کو دئیے جانے والے ایف۔16 طیاروں نے کسی تیسرے ملک کے ہوائی اڈوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا تو یہ ہوائی اڈّے ہمارا جائز ہدف بن جائیں گے۔ولادی میر پوتن نے ‘تویر’ میں واقع اور وزارت دفاع سے منسلک ‘عسکری فضائی تربیتی مرکز’ کا دورہ کیا۔فوجیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا ہے کہ روسی فضائیہ نے یوکرین کی جھڑپوں میں بھرپور کارکردگی دِکھائی اور جنگی نتائج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جھڑپوں کے علاقے میں روس کے ایس یو۔34 بمبار طیاروں، ایس یو۔30 اور ایس یو۔57 نئے ماڈل کے جنگی طیاروں نے بہترین کارکردگی دِکھائی ہے۔صدر پوتن نے، یوکرین کو ایف۔16 فراہم کرنے اور یوکرینی پائلٹوں کو ان کے استعمال کی تربیت دینے سے متعلق ،مغربی ممالک کے پلان کا بھی جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ محاذ پر کوئی تبدیلی نہیں لا سکے گا۔ جیسے آج تک ہم ملٹی فائر سسٹموں، ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں اور دیگر فوجی ساز و سامان کو تباہ کرتے چلے آ رہے ہیں اسی طرح ہم ان ایف۔16 طیاروں کو بھی تباہ کر دیں گے۔پوتن نے، ایف۔16 کی جوہری وار ہیڈ اٹھانے کی صلاحیت کی طرف اشارہ کیا اور کہا ہے کہ ان طیاروں سے نبٹتے وقت ہم اس پہلو کو بھی نگاہ میں رکھیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان طیاروں کی پرواز کے لئے نیٹو کے ایئر پورٹ استعمال کئے گئے تو یہ ایئر پورٹ خواہ کسی بھی ملک میں کیوں نہ ہوں ہمارا جائز ہدف بن جائیں گے۔