لاہور میں خواتین کی حلوہ کے پوسٹر اٹھا کر شہربانو کی سربراہی میں ریلی
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کی جانب سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شہربانو نقوی کی سربراہی میں خواتین کی آگاہی ریلی نکالی گئی جس کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔اے ایس پی شہربانو نقوی کی سربراہی میں منعقد کی گئی آگاہی واک میں خواتین نے عربی لفظ حلوہ کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ساتھ ہی خواتین نے کبھی نہیں، عورتوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ جیسے پوسٹر بھی اٹھا رکھے تھے۔
آگاہی واک میں پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ خواتین نے بھی شرکت کی اور اے ایس پی شہربانو نے آگاہی واک کی سربراہی کی۔آگاہی واک کے اختتام پر اے ایس پی شہربانو نے خطاب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ لاہور میں عربی حروف تہجی کا لباس پہنے خاتون پر 200 افراد نے حملہ کیا تو وہاں ارد گرد موجود دیگر 600 افراد خاتون کی مدد کے لیے کیوں نہیں آئے؟انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت کرنا یقینی طور پر پولیس کا کام ہے لیکن عام افراد کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد لوگوں کی حفاظت کریں۔