پاکستان کا وزیراعظم کون؟ فیصلہ آج ہوگا
اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کیلئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے درمیان مقابلہ آج ہوگا۔تفصیلات کے مطابق 16ویں قومی اسمبلی وزیر اعظم ہاؤس کے نئے مکین اور ہاؤس کے سربراہ کا انتخاب آج کرے گی، جس کے لیے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف ہیں۔
شہباز شریف کو 336 رکنی ایوان میں سے 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کو 90 سے زیادہ ووٹ ملنے کا امکان ہے۔شہباز شریف کو مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل ہے۔
اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے بھی سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کی کامیابی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی، جمعیت علما اسلام سے حمایت مانگی ہے تاہم جے یو آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔اس سے قبل لیگی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارلیمنٹ ہاؤس چیمبر میں سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے۔
سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی اسد قیصر ، علی محمد خان،عامر ڈوگر ، جنید اکبر نے عمر ایوب کے کاغذات جمع کرائے۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نعرے لگاتے ہوئے اسپیکر آفس پہنچے۔ اسپیکر ایاز صادق نے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔قومی اسمبلی کا اجلاس دن گیارہ بجے ہوگا۔ قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والے کو نیا وزیراعظم پاکستان قرار دیا جائے گا۔