امریکی پابندیاں ہمیں فلسطین کی حمایت سے نہیں روک سکتیں، ترجمان انصار اللہ یمن
انصار اللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نے اپنے ٹیلی گرام پیج پر لکھا ہے کہ یمن تمام دستیاب ذرائع سے غزہ کی حمایت جاری رکھے گا اور کسی بھی اسرائیلی جہاز اور اسی طرح مقبوضہ فلسطین(اسرائیل) جانے والے بحری جہاز کو بحیرہ احمر کے پانیوں میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے یمن کے خلاف عائد کی جانے والے امریکی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ پابندیاں امریکہ کی کھلی منافقت کا حصہ ہیں۔
انصار اللہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگرامریکہ اپنی سامراجی اور دہشت گردانہ پالیسیوں کے بوجھ تلے دب جانے والی حکومتوں کا عادی ہوچکا ہے تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ یمن ان ممالک میں شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ فلسطینیوں کے قتل عام میں تل ابیب کی حوصلہ افزائی اور حمایت میں یمن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
عبدالسلام نے مزید کہا کہ یہ امریکہ ہی ہے جو اسرائیل کی حمایت میں ہمارے سمندروں میں آکر ہماری سرزمین پر حملہ کرکے دوسروں کو عالمی دہشت گردی کی ترغیب اور ان دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے۔انہوں نے کہا یمن فوج نے جا کر امریکی ساحلوں پر حملہ نہیں کیا بلکہ یہ امریکہ ہے جو ہمارے ساحلوں پر آکر ہماری سرزمین پر حملے کر رہا ہے۔