حماس اور دیگر فلسطینی گروپس کو دورۂ روس کی دعوت
روس نے حماس اور دیگر فلسطینی گروپوں کو ماسکو کے دورے کی دعوت دے دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں دیگر مسائل پر بات چیت کے لیے فلسطینی گروپوں کو روس آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق روس نے اس سے پہلے اسرائیل غزہ جنگ کے آغاز میں بھی حماس کی قیادت کو روس کے دورے کی دعوت دی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس گذشتہ کئی برسوں سے مشرق وسطیٰ کے امور میں اپنی دلچسپی بڑھائے ہوئے ہے اور اسی لیے اس نے اس عرصے میں خطے کے بڑے اور مؤثر شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو اپنی ترجیح بنا رکھا ہے۔
روسی نائب وزیرِ خارجہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی نمائندہ میخائیل بوگودانوف نے کہا ہے کہ ہم نے تمام فلسطینی نمائندوں اور خطے کے دیگر ممالک بشمول شام، لبنان اور دیگر ممالک کے سیاسی رہنماؤں کو 29 فروری کو دورہ روس کی دعوت دی ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار 775 ہوگئی ہے