مبینہ انتخابی دھاندلی: بلوچستان میں مظاہرے جاری، احتجاج کا دائرہ پاکستان بھر میں پھیلنے لگا
پاکستان میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور صوبے کے دیگر اضلاع میں جمعرات کو ساتویں روز بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ نامہ نگار کے مطابق کوئٹہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے شہر کے مختلف شاہراہوں کا گشت کیا اور اس کے بعد ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ پہنچے جہاں ان پارٹی کے رہنماؤں نے خطاب کیا ۔
قوم پرست جماعتوں پر مشتمل اس چار جماعتی اتحاد کے رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعتوں کے جیتنے والوں امیدواروں کی کامیابی کےنوٹیفیکیشن کے اجراء تک نہ صرف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا بلکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں اس میں شدت بھی لائی جائے گی۔بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے علاوہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کے دیگر صوبوں میںبھی احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف سنیچر کو ملک بھر میں ‘پُرامن’ احتجاج کرے گی۔ پارٹی کے سینیئر رہنما بیرسٹر گوہر علی خان کے مطابق احتجاج کی منظوری سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے دی ہے۔سندھ میں قوم پرست جماعتوں،مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر پارٹیوں پر مشتمل اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس جمعے سے سندھ میں احتجاجی مظاہرے شروع کر رہے ہیں۔
یہ جماعتیں جمعے کو سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔سیاسی جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ لاڑکانہ، خیرپور، سانگھڑ، نوابشاہ، دادو، حیدرآْباد اور ٹنڈو محمد خان میں الیکشن کے روز دھاندلی کی گئی ہے۔اس احتجاج میں شرکت کے لیے پیر پگارہ کی حُر جماعت کے کئی مریدین سانگھڑ اور خیرپور سے جتھوں کی صورت میں پیدل بھی روانہ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب جمعیت علما اسلام کی جانب سے بھی کل جمعے کو کموں شہید کے مقام پر سندھ اور پنجاب بارڈر کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمور اور سکھر موٹر وے پر بھی غیر اعلانیہ مدت تک دہرنا دیا جائے گا۔