عدالتِ عظمیٰ مداخلت کرے اور عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے والوں کو حکومت میں آنے سے روکے: ترجمان تحریک انصاف
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ مداخلت کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے والوں کو ملک پر مسلط ہونے سے روکے۔ترجمان کے مطابق انتخابی عمل مکمل ہونے کے چار روز بعد بھی نتائج میں غیرقانونی ردوبدل کی مکروہ کوششیں پاکستان کو عدم استحکام کی دلدل میں دھکیلنے اور معیشت کو موت کے گھاٹ اتارنے کا منصوبہ ہے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ناگزیر جمہوری اور دستوری رستہ تھا، جسے الیکشن کمیشن اپنی مجرمانہ نااہلی اور مکروہ ایجنڈے کی بھینٹ چڑھا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق عوام کی جانب سے واضح فیصلے کے بعد نہایت ’کمپرومائزڈ‘ ریٹرننگ افسران کے ذریعے اکثریت کو زبردستی اقلیّت میں بدل کر جمہوریت کا قتل کیا جارہا ہے اور پورے انتخابی عمل کی ساکھ اور حیثیت خاک میں ملائی جا رہی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانبداریت اور انتخابی عمل میں اس کی مجرمانہ مداخلت کے باعث پوری دنیا انتخابات کو سنگین شکوک و شبہات کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔تحریک انصاف کے مطابق سپریم کورٹ انتظامی افسران کی بطور ریٹرننگ افسران تعیناتی سمیت الیکشن کمیشن کے حقیقی عزائم کے حوالے سے تحریک انصاف کے خدشات اور تحفظات کو سنجیدگی سے لیتی تو کمیشن کو عوامی مینڈیٹ کے کھلواڑ کی جرات نہ ہوتی۔