امریکی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، غزہ کی صورت حال پر گفتگو

340726-1047417757.jpg

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران پیر کو دارالحکومت ریاض میں سعودی قیادت سے ملاقات کی ہے۔امریکی وزیر خارجہ ایک ایسے وقت میں مشرق وسطیٰ پہنچے ہیں جب فلسطینیوں کو امید ہے کہ غزہ کے سرحدی شہر رفح پر اسرائیلی حملے سے پہلے فائر بندی کا معاہدہ طے پا جائے گا، جہاں غزہ کی نصف آبادی نے پناہ لے رکھی ہے۔

اینٹنی بلنکن خطے کے اپنے پہلے دورے کے آغاز پر پیر کو سعودی عرب پہنچے، جہاں دارالحکومت ریاض میں انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ اینٹنی بلنکن اور سعودی ولی عہد نے تنازع کے ’ایک پائیدار خاتمے‘ کے حصول کے لیے علاقائی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔

میتھیو ملر نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا: ’امریکی وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کے ساتھ غزہ میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور تنازع کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی اہمیت پر زور دیا۔سعودی قیادت سے ملاقات کے بعد ہوٹل واپسی پر اینٹنی بلنکن نے صحافیوں کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

قطر اور مصر کی ثالثی میں گذشتہ ہفتے سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں فائر بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں، فلسطینی گروپ حماس نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا جو چار ماہ سے جاری جنگ کے مکمل خاتمے کی ضمانت چاہتا ہے۔اینٹنی بلنکن کے ساتھ طیارے میں سوار ایک سینیئر امریکی اہلکار نے سعودی دارالحکومت کی پرواز کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس (فائر بندی کے معاہدے کے حوالے سے) کوئی پیش رفت ہو گی یا نہیں۔ اس وقت گیند حماس کے کورٹ میں ہے۔

اینٹنی بلنکن کے مشرق وسطیٰ کے اس دورے کا مقصد امریکی منصوبوں کی حمایت حاصل کرنا بھی ہے جس میں فائر بندی، غزہ کی تعمیر نو اور اسے چلانا، ایک فلسطینی ریاست کا قیام جسے اسرائیل اب مسترد کرتا ہے اور عرب ممالک کے لیے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا شامل ہے۔خطے میں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپوں کے خلاف امریکی فضائی حملوں کے بعد واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں کسی اور جگہ مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے