مچھ میں دھماکے اور فائرنگ، فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد پسپا
بولان: بلوچستان کے علاقے مچھ میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کی جانب سے حملے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے کالعدم تنظیم کے شدت پسنوں نے 15 راکٹ فائر کیے جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنیں گئیں۔ پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دھماکوں اور فائرنگ سے شہری خوف کا شکار ہوگئے جبکہ علاقے کی بجلی بھی اچانک بند ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق دھماکوں سے کوئی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم کسی بھی صورت حال کے پیش نظر مچھ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ڈیوٹیز پر طلب کرلیا گیا ہے۔
اُدھر سیکیورٹی ذرائع نے فورسز نے مچھ میں ہونے والی بلوچستان لبریشن آرمی کی کارروائی کو بروقت جواب دے کر اسے ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مچھ بلوچستان میں بی ایل اے کے دہشت گردوں کے فائر ریڈ کی کوشش کو سیکورٹی فورسز نے پسپا کر دیا، فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھی جسکے بعد دہشت گردوں کے لیے گھات لگا رکھی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہوگئے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔