پی ٹی آئی کا ٹک ٹاک جلسہ، سوشل میڈیا پر کس پارٹی کو سبقت؟
پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں روایتی طریقوں سے ہٹ کر الیکشن مہم اور تشہیر سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آ رہی ہے۔
خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا پر سب زیادہ سے سرگرم ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے شہر شہر تو جلسے نہیں ہو رہے مگر پی ٹی آئی نے پاکستان میں آن لائن جلسے متعارف کرا دیے ہیں۔پی ٹی آئی پاکستان میں فیس بُک اور یوٹیوب پر آئن لائن جلسے کا انعقاد کر چکی ہے اور 24 جنوری 2024 کو ٹک ٹاک پر لائیو جلسہ بھی کرایا ہے جو پاکستانی سیاست میں ایک منفرد قدم ہے۔پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر باقی تمام جماعتوں سے بہت آگے ہے اور اس کے ٹک ٹاک پر بھی 54 لاکھ فالورز ہیں اور پی ٹی آئی ان سوشل پلٹ فارمز کا بھرپور استعمال کر رہی ہے۔
جہاں پی ٹی آئی مختلف علاقوں میں جلسوں اور الیکشن مہم میں رکاوٹوں کا شکوہ کر رہی ہے وہاں آئن لائن جلسوں کے دن انٹرنیٹ سست رفتار ہونے کی شکایت بھی کر رہی ہے۔24 جنوری کو پی ٹی آئی کے ٹک ٹاک پر ہونے والے جلسے پر پی ٹی آئی کی پوسٹ کے مطابق ایک کروڑ 20 لاکھ لائکس آئے۔یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ ٹک ٹاک لائیو سٹریم کے دوران ایک صارف 500 بار لائک بھیج سکتا ہے۔
تحریک انصاف ان چند جماعتوں میں سے ہے جنہوں نے ٹک ٹاک پر توجہ دینا شروع کی۔ جون 2022 میں عمران خان نے مشہور ٹک ٹاکرز کو بنی گالہ بھی بلایا تھا اور ان سے ملاقات کی تھی۔بطور وزیر اعظم بھی عمران خان مین سٹریم میڈیا کے علاوہ یوٹیوبرز کو انڑویو دیتے رہے ہیں۔
دیہات ہوں یا شہری علاقے، امیدواروں کے لیے اپنا پیغام پہنچانے اور الیکشن مہم کو چلانے کا تیز ترین ذریعہ سوشل میڈیا ثابت ہو رہا ہے اسی وجہ سے روایتی تشہیر کا انداز جس میں پوسٹرز، بینرز، پنفلٹس ہیں، کم دکھائی دیں گے مگر ہر جماعت اور امیدوار سوشل میڈیا پر فعال ضرور دکھائی دے گا۔سوشل میڈیا پر مہم کی وجہ یہ بھی ہے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی پر موجود ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں 18 کروڑ 90 لاکھ موبائل کنکشنز ہیں۔جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں ووٹرز کی کل تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ہے۔
موبائل استعمال کرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں مگر ایک اندازے کے مطابق تقریبا ہر گھر اور ہر ووٹر کے پاس موبائل موجود ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کے لیے سوشل میڈیا اور موبائل کے ذریعے پیغام رسائی زیادہ فائدہ مند ہے اسی وجہ سے سیاسی جماعتوں کی توجہ سوشل میڈیا پر ہے اور اس کے لیے جماعتوں نے سوشل میڈیا سیل بھی قائم کر رکھے ہیں۔
کس جماعت کے سوشل میڈیا پر کتنے فالورز ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف:
پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا پر سب سے فعال جماعت دکھائی دیتی ہے اور اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر سب سے مقبول جماعت ہے۔پی ٹی آئی کے آفیشل فیس بُک پیج پر 86 لاکھ فالورز ہیں جبکہ اس کے ایکس اکاؤنٹ پر اس کے 96 لاکھ فالورز موجود ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن:
پاکستان مسلم لیگ (ن) فیس بُک اور ایکس کے مجموعی فالورز کے اعتبار سے سوشل میڈیا پر دوسری بڑی جماعت ہے۔فیس بُک پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے فیس بُک 36 لاکھ جبکہ ایکس پر 25 لاکھ فالورز ہیں۔
جماعت اسلامی:
جماعت اسلامی سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو دکھائی دیتی ہے اسی لیے جماعت اسلامی کے فیس بُک پر 39 لاکھ جبکہ ایکس پر 2 لاکھ 68 ہزار فالورز موجود ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی:
پاکستان پیپلز پارٹی نے سوشل میڈیا پر توجہ تھوڑی دیر سے دی جس کی وجہ سے پی پی پی سوشل میڈیا پر تھوڑا پیچھے دکھائی دیتی ہے۔پی پی پی کے آفیشل فیس بُک پیچ پر آٹھ لاکھ 51 ہزار فالورز جبکہ ایکس پر 11 لاکھ فالورز ہیں۔
جمعیت علما اسلام پاکستان:
جمعیت علما اسلام پاکستان سوشل میڈیا پر متحرک جماعتوں میں سے ایک ہے۔جمعیت علما اسلام پاکستان کے فیس بُک آٹھ لاکھ 41 ہزار اور ٹوئٹر پر 2 لاکھ 58 ہزار فالورز ہیں۔
سوشل میڈیا پر مقبول پارٹی سربراہ کون ہیں؟
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان:
عمران خان پاکستان میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالورز رکھنے والی سیاسی شخصیت ہیں۔بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے فیس بُک پر 10 لاکھ 40 ہزار جبکہ ایکس پر دو کروڑ تین لاکھ فالورز ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری:
چیئرمین پی پی پی اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر کافی سرگرم نظر آ رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے ایکس پر 51 لاکھ جبکہ فیس بُک نو لاکھ 83 ہزار فالورز ہیں۔
قائد مسلم لیگ نواز میاں محمد نواز شریف
نواز شریف فیس بُک اور ایکس تاخیر سے جوائن کیا۔ نواز شریف کے فیس بُک پر چار لاکھ 19 ہزار اور ٹوئٹر پر دس لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔
سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمٰن:
مولانا فضل الرحمان کے فیس بُک پر دس لاکھ جبکہ ایکس پر چھ لاکھ 35 ہزار فالورز موجود ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق:
امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی سوشل میڈیا پر مقبول ترین سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن کے فیس بُک پر 15 لاکھ جبکہ ایکس پر 13 لاکھ فالورز ہیں۔