الیکشن کے دوران 9 مئی واقعات کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلیے اہم فیصلہ
لاہور: پولیس نے عام انتخابات کے دوران 9 مئی واقعات کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے اہم فیصلہ کرلیا۔
حکام کے مطابق انتخابی مہم اور کارنر میٹنگز کے دوران اشتہاریوں کی موجودگی پر گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اس دوران دہشت گردی اور سنگین مقدمات کے اشتہاریوں کی گرفتاری چار دیواری کے اندر سے بھی کی جا سکتی ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن شہزاد رفیق نےا س سلسلے میں کہا کہ سیاسی جماعت سے وابستہ اشتہاری ملزمان انتخابی مہم میں سرگرم ہیں ۔ 9 اور 10 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے جیوفینسنگ اور ویڈیو شواہد پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عسکری ٹاور حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں ملوث درجنوں رہنما اور کارکن گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے کارنر میٹنگز اور سیاسی جلسوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔