ڈی جی خان؛ سرحدی چوکی پر حملے کی کوشش، بروقت کارروائی میں دہشتگرد پسپا

1.jpg

ڈی جی خان: پنجاب پولیس نے بین الصوبائی سرحدی علاقے سے صوبے میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔
ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی جھنگی پر دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر حملے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے 08 سے 10 دہشت گردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم چوکی پر تعینات بہادر جوانوں نے جدید ترین تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی اور بروقت کارروائی کی، جس پر دہشت گرد پسپا ہوکر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے موقع پر ایس ایچ او وہوا کی قیادت میں دوسری ٹیم بھی بیک اپ کے لیے فوری موقع پر پہنچی۔ صوبے کی تمام سرحدی چوکیوں پر پولیس ٹیمیں شب و روز ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کا مورال بلند ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے دشمن خطرناک دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پولیس پوری طرح تیار ہے ۔ ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں اور سفاک مجرموں کو کسی صورت صوبے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ دہشت گردوں کی ہر کوشش ناکام بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے