اسلام آباد پولیس کا الیکشن سکیورٹی پلان فائنل، اہل کاروں کی چھٹیاں منسوخ

4.jpg

اسلام آباد: وفاقی پولیس نے الیکشن سکیورٹی پلان فائنل کرلیا، اس سلسلے میں اہل کاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ترجمان کیپٹل پولیس کے مطابق الیکشن کے حوالے سے آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام کیپٹل پولیس افسران، ایس ایس پی آپریشنز ، اے آئی جی آپریشنز سمیت ڈی پی او صاحبان نے شرکت کی۔
وفاقی پولیس نے الیکشن کے حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، تاہم تاحال فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے عملی اقدامات تاخیر کا شکار ہیں۔ الیکشن کےلیے انتظامی طور پر ڈی آئی جی سطح کے افسران کی زیر نگرانی شرقی اور غربی حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
انتخابات کے سلسلے میں تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تاحکم ثانی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اضافی اور نظم و ضبط کی ڈیوٹیوں کے لیے رضاکار اور ریٹائرڈ پولیس افسران کی خدمات لی جائیں گی۔خواتین کے پولنگ اسٹیشنز کےلیے ضلعی انتظامیہ سے 500 خواتین رضاکاروں کی خدمات کی درخواست کی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ الیکشن سے قبل، دوران اور بعد میں اسلحہ کی نمائش ، احتجاج ، ہوائی فائرنگ یا امن عامہ میں خلل پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ سیف سٹی اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 10000 اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپٹل پولیس کی اولین ترجیح پرامن انتخابات کا انعقاد ہے۔ شہری کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے