بھارت میں ہندوتوا کے غنڈوں کی قرآن پاک کی بیحرمتی کی ناپاک جسارت
بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ہندوتوا کے غنڈوں نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو نذر آتش کرنے کی ناپاک جسارت کی جس سے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں آر ایس ایس، بی جے پی، وی ایچ پی اور بنجرگ دل کے جنونی غنڈوں نے ضلع جمتارہ میں فتح پور بازار مسجد کے قریب ایک میدان میں قرآن پاک کے اوراق کو نذر آتش کیا۔ اس بات کا تب پتا چلا جب مسجد کے کچھ فاصلے پر موجود میدان میں مسلم بچے کرکٹ کھیلنے گئے۔ انھوں نے جابجا قرآن کے جلے ہوئے اوراق دیکھے تو امام مسجد کو آگاہ کیا۔
اس دلخراش واقعے پر مسلمانوں کی بڑی تعداد میدان میں جمع ہوگئی اور لوگ مشتعل ہوگئے تاہم امام مسجد مولانا ذوالفقار نظامی نے لوگوں کے جذبات کو قابو میں رکھنے کی ہدایت کی اور ثبوت لے کر تھانے گئے۔ پولیس نے امام مسجد کی درخواست پر ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ امام مسجد نے کہا کہ یہ واقعہ سماج دشمن عناصر نے سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش معلوم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں رواں برس الیکشن ہونے والے ہیں اور حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی مسلم مخالف جذبات ابھارنے کیلئے ایسے ہتھکنڈے آزماتی ہے جس سے مسلم ہندو ہنگاموں کو ہوا ملے۔