ٹکٹوں کی تقسیم: پی پی کا مصالحتی مشن ناراض رہنماؤں کو منانے میں ناکام
گھوٹکی: ٹکٹوں کی تقسیم پر جیالے آمنے سامنے آگئے، پیپلزپارٹی کا ناراض جیالے رہنماؤں کو منانے کے لئے مصالحتی مشن جاری رہا۔
جیکب آباد کے بعد مصالحتی ٹیم گھوٹکی پہنچ گئی، پیپلزپارٹی کی مصالحتی ٹیم پی ایس 18 سے امیدوار جام مہتاب ڈھر کے گھر پہنچی، پیپلزپارٹی 2018ء میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے سردار شہریارشر کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے۔
وفد نے جام مہتاب کو جاتے ہوئے پیغام دیا کہ 2018ء میں شہریارشر نے جام مہتاب ڈھر کو شکست دی تھی، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ پارٹی قیادت کے فیصلے کا احترام کریں گے، جیکب آباد میں پی ایس3 سے ناراض جیالے رہنما ممتاز جکھرانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
رات گئے مرادعلی شاہ کی زیر قیادت مصالحتی کمیٹی ممتاز جکھرانی کو راضی نہ کرسکی، ممتاز جکھرانی نے کہا کہ میں حلقے سے دو مرتبہ جیت چکا ہوں، پیپلزپارٹی نے جس کو ٹکٹ دیا وہ یوسی ہار گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق خیرپور سے پی ایس 31 کنگری کی نشست پر منظور وسان اور بچل شاہ آمنے سامنے ہیں، کراچی میں بھی پیپلزپارٹی نے مختلف نشستوں پر امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، پی ایس 93 کورنگی سے امیدوار کو تبدیل کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس 121غربی کی نشست پر بھی امیدوار تبدیل کئے جانے کا امکان ہے، مرادعلی شاہ، قائم علی شاہ، نثار کھوڑو کی سربراہی میں الگ الگ مصالحتی کمیٹیاں ناراض جیالے رہنماؤں کو منارہی ہیں۔